نئی دہلی، 23 فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے پیش نظر ملک کے مختلف حصوں میں جموں کشمیر سے متعلق لوگوں پر حملے کی خبروں کے درمیان مرکزنے جمعہ کی رات تمام ریاستوں کو جموں کشمیر سے متعلق لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔اس سلسلے میں ایک درخواست کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ کی ہدایات کے بعد وزارت داخلہ نے تمام ریاستوں کو ایک مشاورت جاری کرکے اس سلسلے میں مطلع کیا۔تمام ریاستی حکومتوں کو بھیجے مشاورت میں کہا گیا کہ ریاستی حکومت اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں اور ان کی طرف سے مقرر نوڈل حکام کو ایک بار پھر یہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے وہ کشمیریوں(طالب علموں سمیت) کے ساتھ ساتھ اقلیتوں کے خلاف کسی بھی طرح کے حملے، دھمکی، جرائم، سماجی بائیکاٹ وغیرہ کو روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں۔